آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس COP29 جاری ہے، جس میں دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں اور ماہرین نے شرکت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کانفرنس کے گروپ فوٹو سیشن میں صف اول میں نظر آئے، جہاں ترک صدر رجب طیب ایردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کا استقبال کیا اور عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی بات چیت کی۔ کانفرنس میں عالمی رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم 13 نومبر کو COP29 سمٹ سے خطاب کریں گے۔
کانفرنس 22 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں گلوبل وارمنگ کے اثرات اور کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کے بارے میں بات چیت ہوگی۔ اس اجلاس میں مالی وسائل کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔