آبنائے ہرمز سے شمالی بحرِ ہند تک سمندری کنٹرول ہمارا ہے، ایران
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے شمالی بحرِ ہند تک پھیلے اہم سمندری علاقے کی نگرانی اور حفاظت کر رہی ہے اور اس خطے میں اسے مکمل اختیار حاصل ہے۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی بحریہ مذکورہ سمندری حدود میں موجود ہے اور وہاں اپنی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔جنرل محمد اکرمینیا نے ماضی میں ایران اور عراق کے درمیان ہونے والی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس دوران ایرانی بحریہ نے عراقی بحریہ کو ایسی شکست دی تھی کہ وہ جنگ کے اختتام تک کوئی مؤثر کارروائی کرنے کے قابل نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جنگ میں بھی ایران کی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے شمالی بحرِ ہند تک اپنا کنٹرول اور نگرانی برقرار رکھے ہوئے ہے۔یہ بیان ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی بحری کشیدگی اور واشنگٹن کی جانب سے ایران پر عائد بحری ناکہ بندی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔اس سے قبل ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل شہرام ایرانی نے امریکی بحری ناکہ بندی کو واشنگٹن کی ناکامی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران اس محاصرے کو توڑنے کے لیے کوششیں شروع کر چکا ہے۔