بلیک فرائیڈے پر بڑی رعایتوں کے منتظر امریکی خریدار مایوس

بلیک فرائیڈے پر بڑی رعایتوں کے منتظر امریکی خریدار مایوس

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں مہنگائی اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی بڑھتی قیمتوں کے باعث بلیک فرائیڈے کے موقع پر صارفین کو توقع کے مطابق بڑی رعایتیں نہ مل سکیں، تاہم آن لائن خریداری میں 12.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بلیک فرائیڈے پر امریکی شاپنگ مالز اور آن لائن اسٹورز میں خریداروں کی بڑی تعداد نے رخ کیا، لیکن پٹرول اور اشیائے خورونوش کی مہنگائی سے پریشان صارفین مناسب رعایتوں کی تلاش میں مشکلات کا شکار رہے۔ بعض خریداروں کو امید تھی کہ دکانوں پر انٹرنیٹ کے مقابلے میں زیادہ سستی اشیا ملیں گی، مگر انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ایڈوب اینالیٹکس کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں بلیک فرائیڈے کے روز آن لائن خریداری کا حجم گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.8 فیصد بڑھ کر 9.7 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اس سے قبل ادارے نے 9.2 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔ اس کے برعکس دکانوں میں خریداروں کی آمدورفت گزشتہ برس کے مقابلے میں 2.4 فیصد کم رہی۔نیشنل ریٹیل فیڈریشن کے ایک سروے کے مطابق 82 فیصد امریکی صارفین تعطیلات کے دوران اخراجات محدود رکھنے کے لیے کم قیمت تحائف خریدنے سمیت مختلف تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔ ادارے نے نومبر اور دسمبر میں مجموعی خوردہ فروخت 4.2 فیصد بڑھنے اور ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا میں مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو گزشتہ 2 برس کے مقابلے میں تقریباً ایک فیصد زیادہ ہے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات اور اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ مندی کے باعث زیادہ آمدنی رکھنے والے صارفین کی خریداری بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔مہنگائی کے اثرات کھلونوں کی صنعت پر بھی مرتب ہوئے ہیں اور رواں سال کے آغاز سے اب تک ان کی قیمتوں میں 13.2 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ اس صورت حال کے باعث باربی گڑیا تیار کرنے والی کمپنی میٹل نے اپنی سالانہ مالیاتی پیش گوئی کم کر دی ہے۔ دوسری جانب پوکیمون اور میجک: دی گیدرنگ کے تجارتی کارڈز، نیڈو کے نرم کھلونوں اور لیگو مصنوعات کی طلب میں اضافہ دیکھا گیا۔ لیگو اسٹورز میں خریداروں کی آمدورفت گزشتہ بلیک فرائیڈے کے مقابلے میں 5 فیصد سے زیادہ رہی، جن میں بچوں کے ساتھ بالغ افراد بھی شامل تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارفین اب مصنوعی ذہانت کی مدد سے رعایتیں تلاش کرنے اور خریداری کے فیصلے کرنے لگے ہیں، جبکہ خوردہ فروش بھی قیمتوں میں تبدیلی کے لیے اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس رجحان کے پیش نظر کرسمس کے قریب مزید بڑی رعایتیں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.