ترکیہ خبر

آذربائیجان اور ایسٹونیا کے درمیان سیاسی مشاورت، دوطرفہ تعاون پر پیش رفت

آذربائیجان اور ایسٹونیا کے درمیان سیاسی مشاورت، دوطرفہ تعاون پر پیش رفت


 باکو( ترکیہ خبر)آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ مذاکرات 11 جون کو ہوئے، جن میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتی حکام نے شرکت کی۔آذربائیجان کی نمائندگی نائب وزیرِ خارجہ فریض رزائیف نے کی جبکہ ایسٹونیا کی جانب سے نائب وزیرِ خارجہ مارٹن راجر نے وفد کی قیادت کی۔مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ باہمی روابط کو مسلسل سفارتی ملاقاتوں اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے۔اجلاس میں ایسٹونیا کا آذربائیجان میں سفارت خانہ کھولنے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جسے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔دونوں فریقین نے معاشی، انسانی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس کے علاوہ آذربائیجان کے اہم توانائی اور ٹرانسپورٹ منصوبوں، علاقائی صورتحال، اور بین الاقوامی اداروں میں تعاون کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔مذاکرات میں آرمینیا کے ساتھ تعلقات کی معمول پر لانے کی کوششوں، جنگ سے متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیر نو، بحالی اور بارودی سرنگوں کی صفائی کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔