بلوچستان میں 32 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا
کوئٹہ( تر کیہ خبر) بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی تربیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) پروگرام کے تحت صوبے میں مجموعی طور پر 32 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے امکانات بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پروگرام کے تحت قائم کیے گئے آئی ٹی حب سینٹرز میں 8 ہزار طلبہ و طالبات کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے مواقع میسر آسکیں۔بلوچستان میں خواتین اور نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔صوبائی حکومت کے مطابق روزگار کے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔