ای پاسپورٹ کا لازمی اجرا 23 اکتوبر سے ہوگا، تاریخ میں توسیع
اسلام آباد( تر کیہ خبر) مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (ایم آر پی) کی جگہ ای پاسپورٹس کے لازمی اجرا کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے، جس کے بعد نئے نظام کا آغاز 15 اکتوبر کے بجائے 23 اکتوبر 2026ء سے ہوگا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا بند کرکے جدید ای پاسپورٹ نظام نافذ کیا جائے گا۔ اس پالیسی کے تحت 23 اکتوبر سے پاکستان کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں نئے پاسپورٹ کے درخواست گزاروں کو صرف ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق اس سے قبل ای پاسپورٹس کے لازمی اجرا کے لیے 16 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم نئے فیصلے کے تحت 22 اکتوبر تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا اور تجدید جاری رہے گی۔امیگریشن حکام نے شہریوں کو واضح کیا ہے کہ 23 اکتوبر سے پہلے جاری کیے گئے تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔ درست ایم آر پی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو میعاد ختم ہونے سے قبل اسے تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا بنیادی مقصد پاسپورٹ خدمات کو جدید بنانا، سفری دستاویزات کی سکیورٹی بہتر کرنا اور خدمات کی استعدادِ کار کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔