باکو میں سو سے زائد قدیم گاڑیوں کی شاندار نمائش اور ریلی
باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان آٹو موبائل فیڈریشن نے اتوار کے روز کلاسک گاڑیوں کی نمائش اور پریڈ کا اہتمام کیا، جس میں اہم شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔حیدر علیئیف فاؤنڈیشن کی نائب صدر لیلیٰ علیئیوا اور اَرزُو علیئیوا، آذربائیجان آٹو موبائل فیڈریشن کے صدر انار علی اکبرُوف، وزیر نوجوانان و کھیل فرید غائبوف سمیت دیگر ممتاز شخصیات اور شہری اس تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز سی سائیڈ نیشنل پارک میں کلاسک گاڑیوں کی نمائش سے ہوا، جہاں 1986 سے قبل تیار کی گئی 100 سے زائد گاڑیاں پیش کی گئیں۔نمائش میں رجسٹرڈ شرکا کی گاڑیوں کے علاوہ حیدر علیئیف سینٹر میں مستقل طور پر رکھی گئی نمائش کی منتخب گاڑیاں بھی شامل تھیں۔باکو کے شہریوں میں طویل عرصے سے مقبول اس نمائش کے موقع پر کلاسک گاڑیوں کی پریڈ بھی منعقد کی گئی۔کلاسک گاڑیوں کی ریلی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں سے گزرتی ہوئی سی بریز کے علاقے میں اختتام پذیر ہوئی۔ مرینا بے میں منعقدہ کلاسک گاڑیوں کی نمائش نے بحیرۂ کیسپیئن کے ساحل پر ماضی کی یادوں سے جڑا منفرد رنگ پیدا کردیا۔نمائش میں مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والی گاڑیاں پیش کی گئیں، جن میں ایسی محفوظ گاڑیاں بھی شامل تھیں جو اپنے مالکان کے لیے خصوصی یادگاری اہمیت رکھتی ہیں۔