آذربائیجان نے ترکمانستان کو ’’دوستلوق‘‘ آئل ٹینکر تحفے میں دے دیا
باکو( ترکیہ خبر)ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے حالیہ دورۂ آذربائیجان کے موقع پر آذربائیجان نے برادر ملک ترکمانستان کو ’’دوستلوق‘‘ نامی آئل ٹینکر تحفے میں پیش کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کی نئی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ترکمان میڈیا کے مطابق باکو شپ یارڈ میں تیار کیا گیا یہ جدید آئل ٹینکر اپنی پہلی ہی بحری مہم کے دوران ترکمان باشی بین الاقوامی بندرگاہ پہنچا، جہاں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔استقبالیہ تقریب میں مقامی حکام، سماجی شخصیات، بندرگاہ کے ماہرین، بحری تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ تقریب کے دوران ثقافتی اور موسیقی کے پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ترکمانستان کے بحری بیڑے میں شامل ہونے والا ’’دوستلوق‘‘ آئل ٹینکر دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی اور تعاون کی علامت سمجھا جا رہا ہے، جبکہ اس سے ترکمانستان کی بحری تجارتی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔141 میٹر لمبے اور 16.9 میٹر چوڑے اس ٹینکر کی مال برداری کی گنجائش 8 ہزار ٹن ہے اور یہ بحیرہ کیسپین کے ذریعے ہائیڈروکاربن مصنوعات کی ترسیل میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے آذربائیجان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں اور باہمی تجارت کے حجم میں مزید اضافہ متوقع ہے۔