ترکیہ خبر

آذربائیجان اور جاپان تعلقات کی 35ویں سالگرہ سے قبل تعاون میں اضافہ، اہم پیش رفت

آذربائیجان اور جاپان تعلقات کی 35ویں سالگرہ سے قبل تعاون میں اضافہ، اہم پیش رفت

باکو ( ترکیہ خبر) آذربائیجان کی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ وزیرِ خارجہ جیہون بایراموف کا حالیہ دورہ جاپان دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔یہ گزشتہ 17 سال میں کسی آذربائیجانی وزیرِ خارجہ کا جاپان کا پہلا دورہ تھا، جس کے دوران انہوں نے جاپان کے وزیرِ خارجہ توشیمیتسو موٹےگی اور پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے جاپان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز میں ایک گول میز مباحثے سے بھی خطاب کیا۔دورے کے اختتام پر دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جاپان کے وزیرِ خارجہ کے آذربائیجان کی اسٹریٹجک اہمیت، توانائی سلامتی اور علاقائی استحکام میں کردار سے متعلق بیانات کو جاپانی میڈیا میں وسیع کوریج ملی۔آئندہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پینتیسویں سالگرہ منائی جائے گی، جس کے موقع پر دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔جاپانی وزیرِ خارجہ نے یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایران سے اپنے شہریوں کے انخلا میں آذربائیجان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔مذاکرات میں توانائی سلامتی، اقتصادی تعاون، ماحولیاتی تبدیلی، ڈی کاربنائزیشن، ٹرانس-کیسپین بین الاقوامی ٹرانسپورٹ روٹ اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔جاپانی وزیرِ خارجہ نے آذربائیجان کو توانائی کے شعبے میں ایک اہم شراکت دار اور علاقائی استحکام میں کلیدی ملک قرار دیا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث جاپان اپنی توانائی پالیسی میں تنوع لا رہا ہے، جس کے تحت مئی میں آذربائیجان سے خام تیل لے جانے والا ٹینکر یاکوہاما بندرگاہ پر پہنچا، جسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔