البانیہ میں حکومت مخالف مظاہرے پرتشدد، تیرانا میدان جنگ بن گیا
تیرانا (مانیٹرنگ ڈیسک) البانیہ میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں میں شدت آگئی، جس کے باعث دارالحکومت تیرانا کی سڑکیں میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں۔مظاہرین نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے جبکہ سرکاری عمارتوں کو بھی آگ لگا دی۔ سڑکوں پر آگ کے شعلے اور دھواں پھیل گیا، جبکہ جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیوں، واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔خبر ایجنسی کے مطابق، مہنگی تعلیمی فیسوں کے خلاف شروع ہونے والے طلبہ کے احتجاج نے اب حکومت مخالف تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے۔ مظاہرین وزیراعظم ایڈی راما سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم ایڈی راما نے مظاہرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج میں شریک بعض افراد نے ریڈ لائن عبور کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کو قانونی کارروائی اور مالی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔