بھارتی میڈیا میں پاکستان دشمنی کے بعد اب ترکیہ کے خلاف بھی نفرت انگیز پروپیگنڈا تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ بھارتی چینل “ری پبلک ٹی وی” نے ایئر انڈیا کے حالیہ طیارہ حادثے کا ذمہ دار ترک ائیرلائنز سے منسلک کمپنی ترکش ٹیکنک (Turkish Technic) کو قرار دے کر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ایئر انڈیا کے طیارے میں تکنیکی خرابی کے بعد بھارتی میڈیا نے بغیر کسی ٹھوس شواہد کے مرمت کرنے والی کمپنی پر انگلیاں اٹھانا شروع کر دی ہیں، جو کہ ترکیہ کی مشہور ایوی ایشن کمپنی ترکش ائیرلائنز کا ذیلی ادارہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکش ٹیکنک نے طیارے کی مرمت کے تمام بین الاقوامی معیار پورے کیے تھے اور یہ کمپنی دنیا بھر کی کئی بڑی ائیرلائنز کے ساتھ کام کر چکی ہے۔ لیکن بھارتی میڈیا، خاص طور پر قوم پرست چینل، اس واقعے کو ایک نیا سفارتی محاذ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔