ترکیہ کے ایک معروف سیاحتی مقام پر واقع ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 76 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ آتشزدگی ترکیہ کے صوبے بولو کے علاقے کارتالکیا میں ایک 12 منزلہ ریزورٹ ہوٹل کی چوتھی منزل پر ہوئی۔ اس وقت ہوٹل میں 238 مہمان مقیم تھے۔
رپورٹس کے مطابق آتشزدگی ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں شروع ہوئی، اور لکڑی سے بنی عمارت میں آگ تیزی سے پھیل گئی۔ اس صورتحال میں لوگوں نے اپنی جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگیں لگائیں، جبکہ فائر فائٹرز نے تقریباً بارہ گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا۔پولیس نے ہوٹل کے مالک سمیت نو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔