صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ترکیہ میں مقامی طور پر تیار کیے جانے والے مسلح اور غیر مسلح ڈرون نہ صرف ترکیہ کے دفاع میں بلکہ 50 سے زائد دوست ممالک کے آسمانوں کی حفاظت میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدر ایردوان نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے باتمان میں تعینات ترک فوجیوں کو سالِ نو کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ “طاقتور فوج، طاقتور ترکیہ” کے نظریے کے تحت ترک مسلح افواج کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مقامی دفاعی صنعت کے فروغ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “ہم نے اس صنعت میں مقامی شرح کو 20 فیصد سے بڑھا کر 80 فیصد تک پہنچا دیا ہے، اور اس حوالے سے ہمارے اقدامات بھرپور رفتار کے ساتھ جاری ہیں۔”
صدر ایردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ ڈرون ٹیکنالوجی کے حوالے سے دنیا کے سب سے ترقی یافتہ تین سے چار ممالک میں شامل ہے۔ “گزشتہ برس، ہم دنیا میں سب سے زیادہ ڈرون برآمد کرنے والے ملک تھے۔ آج، ہمارے مسلح اور غیر مسلح ڈرونز نہ صرف ترکیہ بلکہ 50 سے زائد ممالک کے دفاع میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خطے میں ہونے والے واقعات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کا ہمارا فیصلہ کس قدر درست تھا، اور ہم مستقبل میں اس سے بھی مضبوط مقام حاصل کریں گے۔