شام کے دارالحکومت دمشق پر اپوزیشن فورسز کے قبضے سے پہلے ہی سابق صدر بشار الاسد اپنے اہل خانہ کے ساتھ روس منتقل ہو گئے تھے۔
اس منتقلی کے ساتھ ہی شام پر الاسد خاندان کے طویل اقتدار کا خاتمہ ہو گیا، جس پر شامی عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔ اب بشار الاسد اپنی برطانوی اہلیہ اور تین بچوں کے ہمراہ روس میں سیاسی پناہ لے کر نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، بشار الاسد کی مجموعی دولت کا تخمینہ 2 ارب ڈالر ہے، جس میں متعدد بینک اکاؤنٹس، شیل کمپنیز، آف شور ٹیکس ہیونز، اور وسیع رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو شامل ہیں۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق، امکان ہے کہ بشار الاسد روس میں اپنی پرتعیش زندگی کے لیے ان اثاثوں کا استعمال کریں گے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ماسکو میں 30 ملین پاؤنڈ مالیت کے 20 اپارٹمنٹس خریدے ہیں۔