ترکیہ خبر

ترکیہ کی صنعتی پیداوار میں 6 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ

ترکیہ کی صنعتی پیداوار میں 6 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ میں صنعتی پیداوار میں اپریل کے دوران سالانہ بنیاد پر 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ آٹھ ماہ میں سب سے زیادہ شرح نمو ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صنعتی پیداوار کا انڈیکس (بنیادی سال 2021=100) زیادہ تر مینوفیکچرنگ شعبے کی کارکردگی سے متاثر ہوا، جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ذیلی صنعتی شعبوں میں کان کنی اور کھدائی کے شعبے میں 2.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بجلی، گیس، بھاپ اور ایئر کنڈیشننگ سپلائی کے شعبے میں 1.8 فیصد اضافہ ہوا۔ماہانہ بنیاد پر اپریل میں صنعتی پیداوار میں مارچ کے مقابلے میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی عرصے میں مینوفیکچرنگ پیداوار میں 4.4 فیصد اضافہ جبکہ کان کنی کے شعبے میں 0.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا، تاہم توانائی کے شعبے میں 2.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ترکیہ کے وزیر خزانہ مہمت شمشیک نے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت میں بڑھتی غیر یقینی صورتحال اور بیرونی دباؤ کے باوجود صنعتی پیداوار میں مثبت رجحان برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں سرمایہ جاتی سامان کی پیداوار میں 8.2 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ درمیانی اور بلند ٹیکنالوجی کی پیداوار میں بالترتیب 7.1 فیصد اور 14.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزیر خزانہ کے مطابق حکومت اعلیٰ قدر والی سرمایہ کاری اور پیداوار کے فروغ کے ذریعے ترکیہ کو عالمی سطح پر ایک اہم پیداواری مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہے۔