ترکیہ خبر

ترکیہ فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کا حامی نہیں

ترکیہ فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کا حامی نہیں

انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے فلسطینی تنظیم حماس کی شوریٰ کونسل کے سربراہ محمد درویش اور ان کے وفد سے ملاقات کی، جس میں غزہ کی صورتحال اور خطے میں جاری پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکیہ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں غزہ میں دیرپا امن کے قیام، انسانی امداد کی فراہمی کے اقدامات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔مذاکرات کے دوران وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ فلسطینی مسئلے کو پس منظر میں نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ ترکیہ غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی محاصرے اور امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں ناقابل قبول ہیں، اور عالمی برادری کو اس صورتحال پر سنجیدہ کردار ادا کرنا چاہیے۔حاکان فیدان کے مطابق فلسطینی کاز کے لیے اسلامی ممالک سمیت عالمی سطح پر مسلسل حمایت ضروری ہے، اور ترکیہ اس حوالے سے قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت کرتا ہے۔