ترکیہ خبر

ترکی اور وینزویلا کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق، توانائی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں پر گفتگو

ترکی اور وینزویلا کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق، توانائی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں پر گفتگو

استنبول ( ترکیہ خبر) وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر اظہار تشکر کیا ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے توانائی، ٹرانسپورٹ، معدنیات، فضائی رابطوں، سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت، بجلی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی۔ڈیلسی روڈریگز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ انہیں صدر اردوان کے ساتھ تعمیری اور خوشگوار ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔فریقین نے آئندہ ماہ نومبر میں مشترکہ تعاون کمیشن کے اجلاس کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔ترک صدر اردوان نے اس موقع پر کہا کہ انقرہ ہمیشہ وینزویلا کے دوست عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔واضح رہے کہ ترکی اور وینزویلا کے درمیان سفارتی تعلقات 1950 سے قائم ہیں، اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔