استنبول( ترکیہ خبر)ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ جرمنی کے سرکاری دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے سماجی رابطے کے ترک پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ ترکیہ اپنے اتحادی جرمنی کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ اور تعاون مضبوط انداز میں جاری رکھے گا۔انہوں نے بتایا کہ برلن میں ترکیہ اور جرمنی کے درمیان اسٹریٹجک مذاکراتی نظام کا تیسرا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ ہاکان فیدان کے مطابق اس سے قبل یہ اجلاس 12 برس پہلے ہوا تھا، جبکہ حالیہ ملاقات دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور وزیر خارجہ یوہان واڈیفول سمیت دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دفاعی صنعت، معیشت، توانائی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے ذریعے تعاون کو مزید گہرا کیا جائے گا۔ہاکان فیدان نے کہا کہ جرمنی میں مقیم ترک برادری دونوں ممالک کے درمیان انسانی، ثقافتی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے ان روابط کا تحفظ نہایت ضروری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقاتوں میں جولائی میں انقرہ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس کی تیاریوں، یورپی سلامتی، روس یوکرین جنگ، ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ اور غزہ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ترک وزیر خارجہ کے مطابق تمام فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحرانوں کا حل سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔ہاکان فیدان نے جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈیفول کے ساتھ اسٹریٹجک مذاکراتی اجلاس کے علاوہ شمالی رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ ہینڈرک وُسٹ سے بھی ملاقات کی۔