ترکیہ خبر

استنبول میں ترکی اور شمالی مقدونیہ کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداریوں اور سرمایہ کاری پر تعاون میں پیش رفت

استنبول میں ترکی اور شمالی مقدونیہ کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداریوں اور سرمایہ کاری پر تعاون میں پیش رفت

استنبول( ترکیہ خبر) استنبول میں ترکی اور شمالی مقدونیہ کے اعلیٰ حکام نے انفراسٹرکچر سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ راہداریوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔یہ کاروباری فورم ترکی کی تنظیم برائے بیرونی اقتصادی تعلقات DEIK کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری نمائندوں سمیت شمالی مقدونیہ کے وزیر اعظم ہریستیجان میکوسکی نے بھی شرکت کی۔ترکی کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو نے کہا کہ ترکی اور شمالی مقدونیہ کے تاریخی تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری جنگوں نے اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ ٹرانسپورٹ راہداریوں کے لیے متبادل راستوں کی ترقی انتہائی ضروری ہے۔ان کے مطابق ترکی نے گزشتہ 23 برسوں میں ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی ڈھانچے میں 355 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ یہ منصوبے آئندہ 10 سالوں میں ملکی معیشت میں تقریباً 2 کھرب ڈالر کا اضافہ کریں گے اور سالانہ 12 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ترک وزیر نے مزید بتایا کہ ترکی کی ریاستی ریلوے اور شمالی مقدونیہ کی ریلوے انفراسٹرکچر ایجنسی کے درمیان معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دے گا۔