ترکیہ خبر

پولینڈ نے ترکیہ کو اہم اسٹریٹجک شراکت دار قرار دے دیا

پولینڈ نے ترکیہ کو اہم اسٹریٹجک شراکت دار قرار دے دیا

وارسا( ترکیہ خبر) پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ مارسن بوساتسکی نے ترکیہ کو پولینڈ کا اہم اور اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ ترقی، دفاع اور معاشی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں وارسا کی مدد کر رہا ہے۔پولش وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مارسن بوساتسکی نے کہا کہ مارچ 2025 میں پولش وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک کے دورۂ ترکیہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولینڈ اور ترکیہ دونوں نیٹو کے اتحادی ہیں اور نیٹو کے مشرقی محاذ اور بحیرہ اسود کے خطے میں ترکیہ کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔مارسن بوساتسکی کا کہنا تھا کہ استنبول ایک بار پھر روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر سکتا ہے۔ترکیہ کے یورپی سلامتی میں کردار سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولینڈ اب بھی نیٹو کو اپنے بنیادی دفاعی نظام کے طور پر دیکھتا ہے، تاہم امریکا کے نیٹو سے متعلق مؤقف میں تبدیلیوں کے باعث قومی مسلح افواج کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔انہوں نے 2025 میں وارسا اور انقرہ کے درمیان ہونے والے سکیورٹی تعاون معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے ترکیہ کو عسکری لحاظ سے بھی ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔