ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسے ترکیہ کی تشکیل کے لیے کام کر رہے ہیں جو خطے اور عالمی سطح پر ایک نمایاں قیادت کا حامل ہوگا۔ حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے قومی اسمبلی گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ترکیہ کو خطے اور دنیا کے اہم ترین رہنماؤں میں شامل کرنا ان کا مقصد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ کو چار دہائیوں سے درپیش دہشت گردی کے مسئلے سے مکمل طور پر نجات دلائی جائے گی۔ ان کے مطابق، جیسے ہی یہ خطرہ ختم ہوگا، ترکیہ کی ترقی کی رفتار کئی گنا بڑھ جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں دہشت گردی سے مکمل پاک ترکیہ کا خواب حقیقت میں بدلا جائے گا۔
صدر ایردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ اپنے اسٹریٹجک اقدامات اور انسانیت پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے تاریخ میں اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی توجہ افرو-یوریشیا کے ابھرتے ہوئے ستارے، یعنی ترکیہ، پر مرکوز ہو رہی ہے۔ انہوں نے شام سے فلسطین تک جاری تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں تاریخ ایک نئے انداز میں لکھی جا رہی ہے، اور آنے والے دور میں ترکیہ اور اس کے برادر ممالک کا مستقبل ایک نئی شکل اختیار کر رہا ہے۔