ترکیہ، آذربائیجان، اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ نے انقرہ میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں، جس میں آذربائیجان کے علاقوں، خاص طور پر کاراباخ اور مشرقی زنگیزور کی تعمیرِ نو اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ اس اعلامیہ میں تینوں ممالک نے ایک دوسرے کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اور بین الاقوامی سرحدوں کی ناقابلِ خلاف ورزی کی واضح حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اس موقع پر ایشیا اور یورپ کو ملانے والے وسطی راہداری کو سب سے قابلِ اعتماد، تیز، اور اقتصادی تجارتی راستہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 وبا، روس-یوکرین جنگ، اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت کی وجہ سے عالمی سپلائی چینز متاثر ہوئی ہیں، اور اس تناظر میں ترکیہ، آذربائیجان، اور ازبکستان اس راہداری کے مرکز میں واقع ہیں۔یہ اعلامیہ انقرہ میں منعقدہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، ٹرانسپورٹ، اور تجارت کی دوسری سہ فریقی ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔