بوسنیا اور ہرزیگووینا کی صدارت کے چیئرمین، ڈینس بیچرووچ نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کو اپنے ملک کا “مخلص دوست” قرار دیتے ہوئے ترکیہ کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور بوسنیا کے تعلقات محض سیاسی اور اقتصادی نہیں بلکہ تاریخی، ثقافتی اور روحانی بنیادوں پر بھی قائم ہیں۔ بیچرووچ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، سلامتی اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے صدر ایردوان کی بوسنیا اور ہرزیگووینا کی حمایت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کا ایک پرامن، مستحکم اور کثیر النسلی بوسنیا کی حمایت کرنا ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اقتصادی محاذ پر، بیچرووچ نے دوطرفہ تجارت میں حالیہ پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب یورو سے تجاوز کر جائے گا۔ انہوں نے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کو مزید تعاون کے کلیدی شعبے قرار دیا۔ بیچرووچ نے بالکان میں سرحدوں کی دوبارہ تقسیم کی کوششوں کو “تباہ کن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوششیں خطے کے استحکام کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے سربیا پر بوسنیا کے داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بوسنیا اور ہرزیگووینا کے آئینی نظام اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین میں شمولیت سے شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی، لیکن داخلی سیاسی رکاوٹیں اس عمل میں سب سے بڑی چیلنج ہیں۔
بوسنیا کے رہنما کی ایردوان کی تعریف، ترکیہ کی حمایت کو انتہائی اہم قرار دیا
67