رواں سال کے پہلے 10 مہینوں میں ترکیہ کے سیاحتی علاقے انطالیہ میں آنے والے سیاحوں کی تعداد 8 فیصد کے اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 61 لاکھ 31 ہزار 847 تک پہنچ گئی ہے، جو کہ پچھلے سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔
اس عرصے میں سب سے زیادہ سیاح روس، جرمنی، اور برطانیہ سے آئے ہیں۔ انطالیہ ضلعی محکمہ ثقافت و سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق، یکم جنوری سے 31 اکتوبر کے دوران آنے والے سیاحوں کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں 8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اس سال، انطالیہ میں تعطیلات گزارنے کے لیے آنے والے سیاحوں کی تعداد 1 کروڑ 61 لاکھ 31 ہزار 847 رہی۔ روس 37 لاکھ 64 ہزار 693 سیاحوں کے ساتھ پہلے، جرمنی 32 لاکھ 98 ہزار 154 کے ساتھ دوسرےاور برطانیہ 14 لاکھ 87 ہزار 429 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
اس کے بعد پولینڈ، ہالینڈ، قازقستان، رومانیہ، یوکرائن، چیک جمہوریہ اور لتھوانیا کا نمبر آتا ہے۔یکم سے 31 اکتوبر کے دوران انطالیہ آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 9 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 20 لاکھ 60 ہزار 433 ریکارڈ کیا گیا۔اکتوبر کے مہینے میں سب سے زیادہ 5 لاکھ 93 ہزار 51 سیاح جرمنی سے آئے، روس 5 لاکھ 19 ہزار 67 کے ساتھ دوسرےاور برطانیہ 1 لاکھ 89 ہزار 116 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ برطانیہ کے بعد پولینڈ، ہالینڈ، لتھوانیا، یوکرائن، سوئٹزرلینڈ، بیلاروس، اور ڈنمارک کا نمبر آتا ہے۔
انطالیہ میں سیاحوں کی تعداد میں بڑا اضافہ،تعداد 8 فیصد بڑھ کر 1.61 کروڑ تک پہنچ گئی
166