لاس اینجلس میں ایرانی مظاہرین پر ٹرک چڑھانے کی کوشش

3 weeks ago
لاس اینجلس میں ایرانی مظاہرین پر ٹرک چڑھانے کی کوشش

لاس اینجلس( مانیٹر نگ ڈیسک) امریکی شہر لاس اینجلس میں ایرانی عوام کے حق میں جاری احتجاج کے دوران اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک شخص نے یو ہال باکس ٹرک مظاہرین کے ہجوم کی طرف موڑ دیا۔ مظاہرین نے جان بچانے کے لیے تیزی سے سڑک سے ہٹ کر خود کو محفوظ کیا اور بعد میں مشتعل افراد نے گاڑی کے پیچھے دوڑتے ہوئے ڈرائیور کو روکنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق ٹرک کو چند بلاکس کے فاصلے پر روک کر گھیرے میں لے لیا گیا۔ جائے وقوعہ پر موجود ہیلی کاپٹر فوٹیج میں دیکھا گیا کہ پولیس افسران نے ہجوم کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے ٹرک کو اپنے حصار میں لیا، جبکہ بعض مظاہرین نے گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور ڈرائیور پر حملے کی کوشش کی۔لاس اینجلس پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق ٹرک کی ٹکر سے ایک شخص متاثر ہوا تاہم کوئی شدید زخمی نہیں ہوا۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ دو افراد کا طبی معائنہ کیا گیا مگر دونوں نے علاج کروانے سے انکار کر دیا۔یہ احتجاج لاس اینجلس کے ویسٹ ووڈ علاقے میں ایرانی ملائیت کے خلاف کیا جا رہا تھا، جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے اور بعض افراد ایرانی پرچم بھی لہرا رہے تھے۔ بعد ازاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر ہونے کی ہدایت کی اور شام تک محدود تعداد میں لوگ موقع پر موجود رہے۔کارکنوں کے مطابق ایران میں جاری ملک گیر احتجاج کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 530 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اتوار کے روز تہران سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی دوبارہ مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ لاس اینجلس کو ایران سے باہر دنیا کی سب سے بڑی ایرانی کمیونٹی کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔